لندن: (جیو ڈیسک) لیگ اسپنر دانش کنیریا نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ الزامات کو چیلنج کردیا ہے۔ دانش کنیریا نے اپنے وکیل فروغ نسیم کے ذریعے ای سی بی کو الزامات کے جواب بھیج دیے ہیں۔ ای سی بی نے دانش کنیریا کو اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کے لئے اکیس مئی کو طلب کیا ہے۔
دوسال قبل دانش کنیریا کو اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ مرون ویسٹ فیلڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا لیکن کوئی الزام لگائے بغیر رہا کردیا گیا۔ کنیریا کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے ای سی بی کو جواب میں کئی اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ انکے موکل پرالزام ٹھوس شواہد کے بغیر عائد کئے گئے ہیں اور جس کوڈ کے تحت کے الزامات لگائے گئے ہیں انکا اس کیس میں اطلاق ہی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ دانش کنیریا ای سی بی کے سامنے ضرور پیش ہونگے۔ ہم نے ای سی بی سے مختصر کے بجائے طویل سماعت کی درخواست کی ہے تاکہ کوئی نتیجہ نکل سکے۔