لاہور: (جیو ڈیسک) چھٹی قومی جونیئر ریسلنگ چیمپیئن شپ واپڈا نے جیت لی ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے نئی بننے والی پاکستان کشتی فیڈریشن کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ لاہور میں ہونے والی دو روزہ ریسلنگ چیمپیئن شپ میں آٹھ مختلف ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں واپڈا کے ریسلرز چھائے رہے۔انہوں نے چار طلائی،دو چاندی اور دو کانسی کے میڈلز جیت کر چیمپیئن شپ اپنے نام کی۔
آرمی نے دو گولڈ،تین سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ ایچ ای سی نے دو گولڈ،دو سلور اور تین برانز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی پی او اے کے صدر سید عارف حسن نے نئی بنائی جانے والی پاکستان کشتی فیڈریشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ متوازی تنظیم بنانے کیلئے مدد کرنے پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔ آخر میں پی او اے کے صدر سید عارف حسن نے انعامات تقسیم کئے۔