اسلام آباد : (جیو ڈیسک) آئی ایم ایف کو جون تک قرض کے 51 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جائے گی، جن میں 24 مئی کو 40 کروڑ ڈالر جبکہ 29 جون کو 11 کرو ڑ ڈالر کی تیسری قسط واپس کی جائے گی۔ اس طرح رواں مالی سال کے اختتام تک آئی ایم ایف کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں کردی جائیں گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاکہ آئی ایم ایف کو اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت 99 کروڑ ڈالر قرض کی واپسی کی مد میں ادا کیے جائیں گے جبکہ 2008 سے پہلے کے آئی ایم ایف بقایات جات کا 21 کروڑ ڈالر کا سود بھی ادا کر دیا گیا ہے۔ 24 فروری 2012 کو آئی ایم ایف کو 41 کروڑ ڈالر واپس کردیئے گئے ہیں اور اس طرح اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت لئے جانے والے 7 ارب 80 کروڑ ڈالر میں سے 99 کروڑ ڈالر کا قرض اسی مالی سال میں واپس کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے آغاز میں آئی ایم ایف کے قرض کا بوجھ 6 ارب 79 کروڑ ڈالر رہ جائے گا۔