پرتگال: (جیو ڈیسک) پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے ڈچ پارٹنر جین جولین راجرز کے ساتھ ایسٹورل اوپن ڈبلز فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جس کے بعد اعصام الحق کی لندن اولمپک میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں پھر سے روشن ہوگئیں۔
ایسٹورل اوپن میں اعصام اور راجرز کو ایک دن میں دو میچز کھیلنا پڑے۔ جمعہ کو صبح کوارٹر فائنل میں پاک،ڈچ جوڑی نے فلپائن کے کونرڈ ہوئے اور برٹش ڈومینک انگلوٹ کو چار چھ، چھ چار اور دس پانچ سے ہرایا۔
شام کو سیمی فائنل میں اعصام اور راجرز نے رچرڈ گسکواں اور راجر ایڈورڈز کے فرینچ پیئر کو چھ تین اور چھ ایک کے اسکور سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ اعصام الحق اس وقت تین ہزار نو سو پچپن پوائنٹس کے ساتھ ڈبلز رینکنگ میں چودہویں نمبر پر ہیں اور انہیں لندن اولمپک میں براہ راست شرکت کیلئے گیارہ جون تک ٹاپ ٹین میں جگہ بنانی ہے۔ایسٹورل ٹائٹل جیتنے کے بعد انکی منزل قریب آجائے گی۔