ن لیگ کی سیاسی فلم پریمیئر پر ہی فلاپ ہو گئی:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
Posted on May 6, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: وفاقی وزیر برائے نیشنل مینجمنٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاسی فلم پریمیئر پر ہی فلاپ ہو گئی اور ن لیگ سیاسی سمندر میں غوطے کھا رہی ہے اور دوسری سیاسی جماعتوں کو مدد کے لیے آوازیں دے رہی ہے اور ہاتھ پائوں مار رہی ہے ن لیگ کی فلم میں ببو برال اور رنگیلا نما شخصیات مولا جٹ اور نوری نت کی بڑھکیں نظر آ رہی ہیں ، لیکن ان کا جو خیال تھا کہ ان کی یہ سیاسی فلم کھڑی توڑ کامیابی حاصل کرے گی ، اور ٹکٹیں بلیک ہونگی ان کے یہ سب خیال ملک کے سیاسی سمند ر میں غرق ہو گئے ہیں وہ ہفتہ کے روز گجرات پریس کلب کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں ، اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محترمہ ثمینہ فخر پگانوالہ ق لیگ کے ایم پی اے خالد اصغر گھرال ، میاں فخر پگانوالہ اور انچارج عوامی رابطہ دفتر شیخ محمد اسلام بھی موجود تھے ، ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ ن لیگ کی آہ و بکا پر کوئی بھی کان نہیں دھر رہا کیونکہ سب جانتے ہین کہ ن لیگ ذاتی مقاصد اور مفاد پرستی کی جنگ لڑ رہی ہے ، پنجاب میں ڈاکہ زنی اور لوٹ مار کے واقعات عروج پر ہیں ، گڈ گورننس کی دعویدار صوبائی حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کہیں نظر نہیں آ رہے ، انہوںنے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ وفاقی حکومت کے لیے تو بڑاچیلنج ہے ہی لیکن 18ویں ترمیم کے بعد صوبے بھی بجلی پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں ، لیکن صوبے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ، پنجاب میں سرکاری وسائل سے وفاقی حکومت کے خلاف ریلیاں نکال کر سیاسی پوائنت سگورنگ کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کے روز ایک عدالت اسلام آباد میں اور دوسری عوام کی عدالت ملتان میں لگی تھی عدلیہ کے فیصلہ کو عوام نے ایک سیاسی ونگ کے فیصلہ کے طور پر لیا اور ملتان میں عوام کی عدالت میں عوام کی عدالت نے وہ صوبائی نشست پیپلز پارٹی کے ایک عام کارکن کے نام کر دی جو نشست ہماری جماعت 1988ء سے نہیں جیت سکی تھی انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام ہماری جماعت کے منشور کا حصہ ہے ، لیکن ہماری جمعت عدالتوں میں موجود شخصیات کے استحصال کا شکار ہو رہی ہے ، تاریخ اس کی ضامن بنے گی ، کچھ لوگ سوچ رہے ہیں کہ حکومت کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے ، لیکن حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریگی اور انتخابات مقررہ مدت پر ہوں گے ، پیپلز پارٹی ہمیشہ ان طاقتوں سے لڑ کر اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آتی ہے جن طاقتوں نے ن لیگ کے سر سے ہاتھ اٹھالیا ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ نے انہیں یتیم کر دیا ہے اور اب ان کو اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی نہیں مل رہی انہوںنے کہا کہ میں پارٹی قیادت کی بے حد ممنون ہوں کہ میں گزشتہ چار سال سے مسلسل وفاقی کابینہ کا حصہ ہوں اور یہ میری وزارت کا چوتھا محکمہ ہے ، جبکہ ایسے لوگ بھی ہیں جو کہ ڈیڑھ سال تک کابینہ سے باہر رہنے کے بعد دوبارہ آئے ہیں ، یہ لیڈر شپ کی وژن ہوتی ہے کہ وہ کس کو کہاں مقرر کرے میری قیادت نے میرا تحفظ کرتے ہوئے مجھے اب اس جگہ پر لایا ہے جو کہ میری پروفیشن یعنی ڈاکٹر ی سے متعلقہ بے بنیادی طور پر محکمہ صحت کے قریباً 22کے قریب شعبہ جات جس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وغیرہ شامل ہیں ، میری وزارت کا حصہ ہیں انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں آئندہ الیکشن میں ق لیگ کے اتحاد کے ساتھ میزان میں اترینگے اور کامیاب ہو کر آئندہ حکومت بھی اس اتحاد کی بنے گی ، ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ یہ صدر زرداری کی سیاسی سوچ کا کمال ہے کہ ان کے ایک طرف چوہدری احمد مختار بیٹھے ہیں تو دوسری طرف چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی بیٹھتے ہیں یہ مفاہمت کی پالیسی ہی ہے کہ میمو گیٹ ، عدالتی محاذہو یا پارلیمنٹ ق لیگ نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے میڈیا پر پابندیوں اور کالے قوانین ختم کیے ، لیکن اس کے باوجود اپنے اخلاف ہونے والی بدترین تنقید کو بھی خندہ پیشانی کے ساتھ نہ صرف یہ کہ برداشت کیا بلکہ جب کبھی اس تنقید پر ہم حوصلہ ہارنے لگتے ہیں تو صدر زرداری پارٹی اور حکومتی فورم پر میڈیا کی آزادی کا بھرپور دفاع کرتے ہیں ، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں میڈیا کا ادارہ مضبوط ہوہم میڈیا کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت بنانا چاہتے ہیں ہم نے اداروں کے ساتھ تصادم کی بجاے مفاہمت کا راستہ اپنایا ہے ، انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید سے جمہوری ادارے کمزور اور آمریت مضبوط ہوتی ہے اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دو لاکھ روپے کا چیک گجرات پریس کلب کے صدر وسیم اشرف بٹ کے حوالے کیا اور کہا کہ وہ گجرات پریس کلب کے لیے وفاقی وزراء چوہدری احمد مختار اور چوہدری وجاہت حسین سے بھی پانچ پانچ لاکھ روپے کا فنڈ لیکر دینگی قبل ازیں صدر گجرات پریس کلب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ، جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری اعجاز احمد شاکر نے انجام دئیے ، تقریب سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ثمینہ فخر پگانوالہ نے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ پریس کلب اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہینگی کیونکہ صدر زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وزن کو لیکر چلنا ہے ۔