کراچی : (جیو ڈیسک)کا قدیم علاقہ لیاری جہاں پولیس آپریشن کے باعث ایک ہفتے نظام زندگی مفلوج رہا اب رفت رفتہ رونقیں لوٹ رہی ہیں۔ حالات معمول پر آنے سے مکینوں نے سکون کا سانس لیا ہے۔لیاری کا علاقہ جو دو روز پہلے تک جنگ رزدہ علاقے کا منظر پیش کر رہا تھا اب معمولات زندگی بحال ہوگئی ہیں ، سڑکوں پر ٹریفک رواں داوں ہے، کاروباری مراکز، اسپتال ، ہوٹل ، پیٹرول پمپ اور دو سو زائد تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔ کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے ہیں۔
مکینوں نے بدامنی ختم ہونے پر سکون کاسانس لیا۔ آٹھ روز تک دھماکوں اور فائرنگ کی گھن گرج نے بچوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا تھا وہ اب گلیوں میں کھیلتے نظر آتے ہیں۔ بعض علاقوں میں اب تک بجلی، گیس، پانی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی جس سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نقل مکانی کرجانے والے گھروں کو لوٹ آنے پر خوش ہیں۔ چیل چوک اور اطراف کے علاقوں میں شاید ہی کوئی دروازہ، مکان اور بجلی کا کھمبا ایسا ہو جس پر گولیوں کے نشانات نہ ہوں۔ اب رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے جو اسنیپ چیکنگ میں مصروف ہے۔