بھارت : (جیو ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عامر خان نے چھ مئی کو اپنے شو سچ کی جیت کے ساتھ ٹیلیویژن کی دنیا میں بطور میزبان قدم رکھ دیا ہے۔ اس شو کے بارے میں عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے اور بیشتر افراد نے اس پروگرام کو پسند کیا ہے۔
عامر خان بڑے پردے پر ایک طویل عرصے سے عوام کو محظوظ کررہے ہیں اور انہوں نے ٹی وی پر اپنے کیرئیر کا آغاز ٹی وی شو ستیے مے وجیتے یا سچ کی جیت سے کیا جو اتوار کی صبح گیارہ بجے نشر ہوا۔ یہ شو ہندی کے علاوہ آٹھ الگ الگ زبانوں میں بھی دکھایا جائے گا۔
عامر خان کو امید ہے کہ ان کا یہ شو انہیں عام آدمی کے اور قریب لے جائے گا۔ اپنے پہلے شو میں عامر خان نے بے حد سنجیدہ اور اہم مسئلے فیمیل فیٹیسائڈ یعنی اسقاطِ حمل میں لڑکیوں کو مار دینے کے رواج پر بات کی۔ شو میں عامر خان نے بعض سچے واقعات کو دکھایا اور ماہرین اور عوام کو شو میں دعوت دے کر اس مسئلے پر بات کی۔