سندھ : (جیو ڈیسک)صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ جولائی، اگست میں موسم گرما کی تعطیلات کیلئے سمری وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو ارسال کردی ہے۔ سندھ ایجوکیشن فانڈیشن کے دفتر میں پریس بریفنگ کے دوران پیر مظہرالحق کا کہنا تھا کہ موسم گرما کی تعطیلات پر کیمبرج اسکول کو تحفظات تھے جس کے پیش نظر سمری وزیراعلی سندھ کو بھیجی گئی ہے۔ پیر مظہرالحق کا کہنا تھا کہ سندھ کا تعلیمی بجٹ سات بلین سے بڑھا کر پندرہ بلین کردیا ہے تاہم محکمہ تعلیم کی نگرانی کیلئے سندھ ایجوکیشن کمیشن تشکیل دیا جاچکا ہے ۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کل سے سندھ بھر میں چھٹی کلاس کے رجحان داخلہ ٹیسٹ کاآغاز ہورہا ہے جس میں چار ہزار سرکاری اسکولوں میں چھٹی کلاس میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوگاداخلہ ٹیسٹ میں چار ہزار سرکاری اسکولوں کیلئے دولاکھ چالیس ہزار سے زائد بچے ٹیسٹ میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکریٹریز کی دو اسامیاں محکمہ تعلیم کو مل گئی ہے جبکہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور بیوروآف کلیکرم کے ایکٹ پر کام جاری ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کی پانچ اضافی اسامیاں بھی منظوری کی جاچکی ہے ۔ دوسری جانب تنزنیہ کے وزیر تعلیم نے پیر مظہرالحق سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔