قطر: (جیو ڈیسک) وزارت پٹرولیم نے قطر سے ایل این جی خریدنے کا معاہدہ ختم کردیا ہے ۔ وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق معاہدہ ختم کرنے کی وجہ یہ تھی کہ قطر ایل این جی شرائط و ضوابط میں نرمی کرنے پر تیار نہیں ہوا۔ یہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ایل این جی کا تیسرا منصوبہ تھا جو ناکام ہوا ہے ۔
اس سے پہلے مشعل اور نجی شعبے کے ذریعے درآمدی ایل این جی منصوبہ ناکام ہو چکا ہے ۔ پاکستان اور قطر کے درمیان 50 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ کا معاہدہ ہوا تھا ۔حکام وزارت پٹرولیم کے مطابق یہ معاہدہ شفافیت کے پیش نظر ختم کیا گیا ہے کیونکہ اس معاہدے کے تحت پاکستان قطر سے حکومتی سطح پر ایل این جی خریدنے کا پابند تھا ۔ معاہدہ ختم کرنے سے متعلق قطر کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔ اور 7 فروری کو وزیراعظم کے دورہ قطر کے دوران یہ معاہدہ ہوا تھا۔اور اب ایل این جی اوپن ٹینڈرنگ کے ذریعے خریدی جائے گی۔