اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس پندرہ مئی کو طلب کرلیا ہے جس میں پاکستان سے نیٹو سپلائی کی بحالی اور بیس مئی کو شکاگو میں ہونے والے نیٹو اجلاس میں شرکت کے معاملے پر غور کیا جائیگا۔
دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں تینوں افواج کے سربراہ، وزارت خارجہ، دفاع اور داخلہ کے اعلی حکام شریک ہوں گے۔ شرکا کو خطے اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں پارلیمانی سفارشات پر لائحہ عمل کی تیاری بھی زیر بحث آئے گی۔
صدارتی ترجمان کے مطابق کابینہ کی دفاعی کمیٹی نیٹو اجلاس میں صدر یا وزیراعظم کی شرکت پر بھی غور کرے گی۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق پاکستان کو نیٹو اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ اب تک موصول نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے سولہ مئی کو وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔