بلوچستان: (جیو ڈیسک) بلوچستان ہائی کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے مستقل کئے جانے والے ججز نے حلف اٹھا لیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان نے ان سے حلف لیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل کئے جانے والے تین ججز کی حلف برداری کی سادہ مگر پر وقار تقریب بلوچستان ہائی کورٹ میں منعقد ہوئی۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل کئے جانے والے ججز میں جسٹس عبدالقادر مینگل جسٹس ہاشم خان کاکڑ جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں تینوں ججوں سے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسی نے حلف لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے پانچ ایڈہاک ججوں کو مستقل کیا گیا ہے ۔ مستقل ہونے والے ججوں سے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے نئے ججوں میں جسٹس الطاف ابراہیم قریشی ، جسٹس عبدالستار اصغر ، جسٹس محمود مقبول باجوہ ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد امیر بھٹی شامل ہیں ۔
ہائی کورٹس کے ججز کی مستقلی کی منطوری گزشتہ روز صدر پاکستان آصف علی زرداری نے دی تھی۔