یمن : (جیو ڈیسک) سفارتکاروں اور سیکورٹی حکام نے بتایا کہ صوفیہ میں بلغارین وزیر خارجہ میکولے میلادینوف نے تصدیق کی ہے کہ ان کے سفارتکار بورس بوریسوف کو صنعا میں اغوا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی اور بتایا کہ سفارتکار اس دوران زخمی ہوا ہے۔ ایک یمنی سیکورٹی اہلکار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ نقاب پوش مسلح افراد نے بلغارین سفیر کی گاڑی کو روکا اور اغوا کرنے کی کوشش کی لیکن سفارتکار بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور قریبی دکان میں چھپ گیا۔ بلغارین سفیر اور ان کی اہلیہ کو اغوا کرنے کی یہ واردات دارالحکومت میں الجیریا سٹریٹ پیش آئی۔ بلغاریہ کے وزیر خارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ مجھے یہ بات سن کر افسوس ہوا ہے اور میں دلبرداشتہ ہوا ہوں۔
بلغارین وزارت خارجہ کے مطابق ایک پک اپ پر سوار مسلح افراد نے سفیر بورس بوریسوف کی گاڑی کو روکا جسے وہ خودچلا رہے تھے۔ چار مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور کار کی ڈرائیونگ سیٹ کی طرف کا شیشہ توڑا۔ انہوں نے سفارتکار کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ ان کے چہرے اور بازو پر تشدد کیا گیااور چاقو کے ساتھ دھمکایا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفیر کو جلد علاج کیلئے صوفیہ واپس بلایا جائیگا اور آئندہ چند روز کیلئے سفارتخانہ بند رہے گا۔