مالاکا : (جیو ڈیسک) ساتویں جونئیر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں میزبان ملائیشیا نے پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد دو ایک سے ہرا کر ایشیائی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ بھارت نے کوریا کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میزبان ملائیشیا نے کھیل کے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہاف میں پاکستان کیخلاف دو صفر سے سبقت قائم کی۔
دوسرے ہاف کے بیالیسویں منٹ میں پاکستان کے محمد عرفان نے گیند کو جال میں پہنچا کر خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں پاکستان کی جانب سے مزید کوئی گول اسکور نہ ہو سکا۔دونوں ٹیموں کے درمیان گرما گرمی بھی دیکھنے کو ملی اور بعض لمحات میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ملائیشیا نے بیس سال کے طویل انتظار کے بعد پہلی مرتبہ ایونٹ جیتا ہے۔