پاکستان جلد نیٹو سپلائی بحال کردے گا، پینٹاگون پرامید

George Little

George Little

امریکہ : (جیو ڈیسک)پینٹاگون حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بہت جلد نیٹو سپلائی بحال کردے گا۔ پاکستان سے نیٹو سپلائی لائن امریکا کیلئے بہت اہم ہے۔ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام نائب امریکی وزیردفاع جارج لٹل نے بتایا کہ پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ ساڑھے پانچ ماہ سے بند نیٹو سپلائی شکاگوکانفرنس سے سے قبل بحال ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری مشن راہداری بند ہونے سے متاثر ہورہا ہے اور یہ راہداری نیٹو کیلئے بہت اہم ہے۔ چوبیس نومبر کو سلالہ حملے کے بعد پاکستان کی دفاعی کمیٹی نے نیٹو سپلائی لائن بند کردی تھی۔

جارج لٹل نے کہا کہ حملے کے بعد امریکا نے پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش جاری رکھی ہے اور پارلیمنٹ کی سفارشات کے بعد تعلقات کی نوعیت پر بات چیت کی جارہی ہے۔ پاکستان اور امریکا کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور ان کا مل کر مقابلہ کیاجائے گا۔