کراچی : (جیو ڈیسک)چارسال کے وقفے کے بعد ملکی سطح پر تیار کئے گئے دفاعی آلات اور ملکی دفاعی برآمدات میں فروغ کیلئے ساتویں بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز دوہزار بارہ سات سے گیارہ نومبر تک کراچی میں منعقد ہو رہی ہے۔ واضح رہے کے دو ہزار دس میں دفاعی نمائش ملکی حالات کے پیش نظر منسوخ کر دی گئی تھی ۔
دفاعی نمائش کے انعقاد کے سلسلے میں اسٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ڈی جی ڈ یفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل طاہر اشرف کی زیر صدارت ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوا ۔ ڈی جی ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن میجر جنرل طاہر اشرف نے کہا کہ رواں سال دفاعی نمائش ایک مثالی ورلڈ کلاس نمائش ہوگی ۔دفاعی نمائش کے انعقاد سے دوست ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے اجلاس کو بتایا کہ وہ نمائش کے دوران شہر کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ بیرونی ممالک سے آنے والے وفود اور مندوبین پر شہر کے حوالے سے مثبت تاثر قائم ہو سکے دفاعی نمائش مین ملکی و غیر ملکی اسلحہ ساز ادارے شرکت کریں گے اور مختلف ممالک سے دفاعی ماہرین اور وفود بھی شرکت کریں گے۔