اسلام آباد : ڈاکٹرخلیل چشتی گھر پہنچ گئے، اہلخانہ خوشی سے نہال

khalil chishti

khalil chishti

اسلام آباد : (جیو ڈیسک)بیس سال بعد بھارت کی قید سے رہائی پانے والے پاکستانی سائنسدان واپس اپنے گھر پہنچ گئے۔ ڈاکٹر خلیل چشتی آج اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ ایئرپورٹ پران کا والہانہ استقبال کیا گیا ،جبکہ ان کے گھرپرقومی پرچم لہرایا گیا ہے۔ ڈاکٹر خلیل چشتی کہتے ہیں بھارت میں گزرا وقت نہیں بھول سکتے ۔

معمر پاکستانی سائنسداں ڈاکٹر خلیل چشتی کابیس سالہ کرب ختم ہو گیا ہے ۔ ڈاکٹر چشتی کی گھر واپسی ان کے اہل خانہ کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔ ان کے اہلخانہ بیس سال بعد ڈاکٹر خلیل چشتی کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہو گئے۔ ڈاکٹر خلیل چشتی کی کراچی آمد کے موقع پرایئر پورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے،متعدد آنکھیں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور خوشی سے اشکبار ہو گئیں۔

ڈاکٹر خلیل چشتی قتل کے ایک مقدمے میں بیس سال بھارت میں قید رہے ۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی رہائی عمل میں آئی تھی ۔ وہ گذشتہ روز بھارت سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان کے دارلخلافہ اسلام آباد پہنچے تھے جہاں سے وہ آج کراچی پہنچے۔

ڈاکٹر خلیل چشتی سے ملنے کیلئے بے تاب اہل خانہ ان کی آمد کے منتظر تھے۔ کراچی ائیر پورٹ پر ڈاکٹر خلیل چشتی کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔