لاہور : (جیو ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، پارلیمنٹ کی سفارشات پر عمل ہو گا، ان کا کہنا ہے کہ حکومت میں رہ کرلانگ مارچ کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔
وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کے بڑے اتحادی مسلم لیگ ق کی قیادت سے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے مسلم لیگ ن کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو ان کے خلاف عدم اعتماد اور صدر کے خلاف مواخذے کی تحریکیں لے کر آئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر جمہوری طریقے استعمال کر کے حکومتیں گرانا ماضی میں ہوا کرتا تھا اب تمام اختیارات پارلیمنٹ کے پاس ہیں۔ اپنے بیٹے کے خلاف کیس کے بارے وزیر اعظم نے کہا کہ کوئلے کے کام میں ہاتھ تو کالے ہوتیہی ہیں۔
اس سے پہلے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ کسی جج نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار نہیں دیا۔ سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔