حافظ آباد : (جیو ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف آج ایک روزہ دورے پر حافظ آباد آئیں گے جہاں وہ کرکٹ سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وہ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری افضل حسین تارڑ کی رہائشگاہ کولو تارڑ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور اہم شخصیات سے ملاقات اور شام چھ بجے میونسپل سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ میاں محمد نواز شریف کے دورہ کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ میں بڑی بڑی تصویری فلیکسوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں بھی میاں محمد نواز شریف کے استقبال کیلئے خیر مقدمی میں بینرز اور فلیکسیں لگا دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلسہ گاہ کی فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔