کراچی : (جیو ڈیسک) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اور بازار بند کرا دیے گئے شہر قائد میں گزشتہ سولہ گھنٹے کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی۔
کراچی کے علاقے قائد ملیر سٹی تھانے کی حدود میں انور ملوک ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا جسے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا پولیس کے مطابق ملزمان نے سٹیل مل کی بس کو نشانہ بنایا دوسری جانب بنارس پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے حیات نامی نوجوان زخمی ہو گیا جو بعد میں جناح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ ناظم آباد شمیم شہید پولیس چوکی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بازار بند کرادیا جبکہ گلستان جوہر کے علاقے سچل گوٹھ سفورا گوٹھ سعادی ٹاون اور ملیر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادی گئیں۔
گلشن چورنگی کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران دو ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا واضح رہے کہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے زیر اہتمام مہاجر صوبہ مخالف ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں 13افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے تھے۔