پاکستان : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ کابینہ توانائی بحران اور کراچی کی صورتحال سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی۔
وفاقی کابینہ کو کراچی میں حالات کی کشیدگی، عوامی ریلی پر فائرنگ اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں صدرزرداری کی شکاگوکانفرنس میں شرکت ، پاک امریکا تعلقات اور سیاسی صورتحال پر بھی غور ہو گا۔ وزیر پانی و بجلی نوید قمر کابینہ کو لوڈشیڈ نگ میں کمی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پندرہ مئی کے فیصلوں کی توثیق اور پچھلے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔ لیبیا کیساتھ دفاع اور تکنیکی شعبوں میں تعاون بڑھانے،جمہوریہ سیچلیز کے ساتھ ڈبل ٹیکسیشن کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستان ریلویز کو سامان کی ترسیل کے لیے سرکاری اداروں کی ممبرشپ شروع کرنے کی اجازت دے گی۔ اس کے علاوہ فیڈرل ایمپلائز بینیوولینٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ایکٹ 1969 اورسی ڈی اے ایکٹ 1960 میں ترمیم کی منظوری بھی دی جائے گی۔