امریکا: (جیو ڈیسک) امریکی سینیٹ نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا کے بعد پاکستان کی تین کروڑ تیس لاکھ روپے کی امداد روکنے کی منظوری دے دی۔ پاکستان کو سالانہ دس لاکھ ڈالر کی امداد دی جاناتھی۔
پاکستان میں غداری کے الزام میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزا کے بعد امریکی سینیٹ کی کمیٹی چراغ پا ہوگئی۔ سینیٹ کی کمیٹی کے اجلاس میں امداد میں کٹوتی پر ریپبلکن سینیٹر لنِڈسے گراہم نے زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ لیکن امریکا پاکستان سے ڈبل ڈیلنگ نہیں چاہتا۔
انہوں نے پاکستان کو ایک ایسا اتحادی قرار دیا جو ایک طرف امریکا کی مدد کرتا ہے دوسری جانب حقانی نیٹ ورک کو بھی پروان چڑھانے میں مدد دے رہا ہے۔امریکی سینیٹ کی کمیٹی نے آئندہ سال کیلئے پاکستان کی امداد میں نصف سے زائدکمی کی منظوری دی۔
کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہاکہ اگر پاکستان نیٹو سپلائی بحال نہیں کرتا تو اس کی امداد میں مزید کمی کی جائے گی۔ ریپبلیکن اور ڈیموکریٹس سینیٹرز نے پاکستان کو شکیل آفریدی کی سزا کے معاملے پرکڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ امداد کی کٹوتی پر امریکی سینیٹ کی کمیٹی کے تمام ارکان میں اتفاق پایا گیا۔