اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ثبوت کے بغیر حافظ سعید کے خلاف کارروائی نہیں کی جا سکتی، بھارت الزام تراشی کی سیاست نہ کرے۔
بھارتی سیکرٹری داخلہ آر کے سنگھ نے وزیر داخلہ رحمان ملک سے اسلام آباد میں ون آن ون ملاقات کی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے وفود کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقاتوں میں دہشت گردی، بلوچستان ایشو، ممبئی حملوں اور باہمی تجارت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔دونوں ممالک کے درمیان ویزا پالیسی میں نرمی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں کے حوالے سے ایک ڈوزیئر موصول ہوا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ سمجھوتا ایکسپرس میں را ملوث تھی لیکن الزام آئی ایس آئی پر لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھارتی سیکرٹری داخلہ کو فراہم کر دئیے ہیں وزیر داخلہ نے اپنے بھارتی ہم منصب چدم برم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔