سیاچن : (جیو ڈیسک) گیاری سیکٹر میں گذشتہ روز کھدائی کے دوران ملنے والے دو جوانوں کی نماز جنازہ گونما میں ادا کر دی گئی۔ میتوں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا جہاں دونوں شہداکو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
سپاہی راشد حسین اور سپاہی محمد الیاس کی لاشیں گزشتہ رات آر پی چیک پوسٹ کے مقام سے ملی تھیں۔ جنہیں گونما اسپتال میں لاکر شناخت کیا گیا کچھ دیر پہلے ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ انہیں پورے فوج اعزا زات کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ سپاہی راشد حسین کا تعلق آزاد کشمیر کے گاؤں سدوتنی جبکہ سپاہی محمد الیاس کا تعلق ضلع گانچھے کے گاں کھرکوہ سے تھا۔ سپاہی محمد الیاس کے ایک اور بھائی فدا حسین بھی گیاری میں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ بڑے بھائی غلام نبی 2002 میں گولتری کے محاذپر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔