پاکستان : (جیو ڈیسک) تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ سے ملنے والی سزا پر سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کیخلاف آئینی پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔
اس میں وزیراعظم کو کام سے فوری روکے جانے کی درخواست کی گئی ہے۔ سیالکوٹ سے مسلم لیگ نون رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کی طرف سپیکر رولنگ کے خلاف آٹھ صفحات پر مشتمل پٹیشن دائر کی گئی ہے، اس پٹیشن کو دائر کئے جانے سے قبل درکار دستاویز کو منسلک کرنے ، کاغذات کی جلد سازی کئے جانے جیسے تقاضے جلد ی میں پورے کئے جاتے رہے ، دائر کی گئی پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ توہین عدالت کیس میں سزا سے وزیراعظم نااہل ہو چکے ہیں، انہیں کام کرنے سے فوری روکا جائے، اس پٹیشن میں وفاق ، وزیراعظم، الیکشن کمیشن اور اسپیکر اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے بھی سپیکر کی رولنگ کے خلاف پٹیشن دائر کردی ہے۔