کراچی: ( مشتاق احمد) حق پرست اراکین سندھ اسمبلی سید منظر امام ، سیف الدین خالد نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی قمر شیخ کے ہمراہ اورنگی زون میں ڈینگی وائرس ،مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمہ کیلئے اسپرے مہم کا آغاز کیا اس موقع پر رکن اسمبلی سید منظر امام نے افسران و عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اورنگی زون کی حدود میں موجود تمام مساجد امام بارگاہوں، اسکولوں کالجوں ہسپتالوں مارکیٹوں اور گلی کوچوں میں اسپرے کے عمل کو یقینی بنایا جائے حق پرست رکن اسمبلی سیف الدین خالد نے عوام کو ڈینگی وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے گھروں میں موجود صاف پانی کو ڈھانپ کر رکھیں رات کو سونے کیلئے مچھر دانی استعمال کریں یہ مچھر چونکہ بالعموم صبح اور مغرب کے وقت اندھیرے میں نمودار ہوتا ہے لہذا ان اوقات میں خصوصی احتیاط کی جائے اپنے گھروں میں مچھر مار اسپرے اور جسم کے کھلے حصوں پر مچھر کے کاٹنے سے بچانے والا تیل لازمی استعمال کریں۔
ایڈمنسٹریٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈینگی وائرس سمیت دیگر حشرات الارض کی افزائش کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اس موقع پر انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بلدیہ غربی کے تمام علاقوں میں موجود گلی کوچوں میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کو یقینی بنانے کیلئے تمام افسران و عملہ اپنی موجود گی کو یقینی بنائیں ایسے تمام مقامات جہاں مچھر وں اور دیگر حشرات کی افزائش کا اندیشہ ہو خصوصی طور ان مقامات پر اسپرے کے عمل کو یقینی بنایا جائے اس مو قع پر انکے ہمراہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔