اسلام آباد : (جیو ڈیسک)وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ واپڈا کو ایک اعشاریہ پانچ ارب روپے کی فوری ادائیگی کی جائے تا کہ آئی ڈی پیز کو ادائیگیاں کی جاسکیں۔ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔یہ بات وزیراعظم نے اسلام آباد میں پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پرائیویٹ پاورمنصوبوں اور مستقبل میں ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ان کی صلاحیت میں اضافے پر غور ہوا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ توانائی سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کے لیے طریقہ کار کو سادہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا توانائی سیکٹر کو اس وقت طلب و رسد میں وسیع فرق کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں چیرمین واپڈا نے بتایا کہ منگلا ڈیم منگلا رائزنگ منصوبے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل صلاحیت سے کام کررہا ہے۔ پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ کے سربراہ نے بتایا کہ ملک میں آٹھ ہزار میگا واٹ کے اٹھائیس منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔