لندن ( جیو ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی نے محدود اوورز کی کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کی ہیں جسمیں ایک اوور میں دو شارٹ پچ گیندیں کرانے کی تجویز ہے۔لندن کے لارڈز گراونڈ میں آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس جمعرات کو ختم ہوا تھا۔ کمیٹی نے جو سفارشات پیش کی ہیں اس میں کہا گیا ہے کہ ون ڈے میچ کے ایک اوور میں ایک کے بجائے دو شارٹ پچ گیندیں کرانے کی اجازت دی جائے۔
کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ ون ڈے میچوں میں ایک بولنگ پاور پلے کم کر دیا جائے۔ ون ڈے میچوں میں بارش سے متاثر ہونیوالے میچوں میں استعمال کیا جانیوالا ڈک ورتھ لوئس سسٹم بھی مروج رہے گا اور اس کے لئے پیش کیا جانیوالا بھارتی سسٹم رد کر دیا گیا۔ کمیٹی کی سفارشات کی حتمی منظوری کیلئے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں پیش کی جائیں گی جو اس ماہ کوالالمپور میں ہوگا۔