کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی میں تشدد کا راج بدستور قائم ہے۔ رات گئے فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ رینجرز نے لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے تیرہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ جون کے پہلے چار روز میں پچیس سے زائد افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔ حسین آباد میں واقع فیملی پارک کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا ۔ ماڑی پور روڈ پر کران سینما کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ملیر سعود آباد اور کامل گلی میں فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔
رات گئے رینجرز نے لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرز کے کرنل شفیق نیازی کے مطابق آپریشن کے دوران تیرہ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے جس میں گزشتہ دو روز میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم بھی شامل ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ سرچ آپریشن کے خلاف لیاری کے مکینوں کے احتجاج کیا اور حراست میں لیے گئے افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔