اسلام آباد: (جیو ڈیسک) یورپی یونین نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال ، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے یورپی یونین کے تعاون کو سراہا ۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اسلام آباد چاہتا ہے کابل حکومت مستحکم ہو۔
وزیراعظم گیلانی نے افغانستان میں سیاسی مصالحت کے عمل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ کیتھرین ایشٹن کا کہنا تھا پاکستان کو درپیش چیلنجز سے یورپی یونین آگاہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی خدمات فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی یورپی یونین پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔