شمالی کوریا : (جیو ڈیسک)شمالی کوریا نے کہا ہے کہ جوہری تجربہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ اس نے جنوبی کوریا پر اشتعال انگیز کارروائیوں کا الزام لگایا ہے۔شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا ان کے ملک پر پابندیوں میں اضافے کے لیے الزامات کی بو چھار کر رہا ہے۔ اپریل میں سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصویروں سے شمالی کوریا کے جوہری مقامات پر سرگرمیوں کی نشان دہی ہوئی تھی اور اسی مہینے پیانگ یانگ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ اس راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں اپنا ایک سیٹلائٹ پہنچانے کا تجربہ کر رہا تھا لیکن مغربی ممالک نے الزام ہے لگایا کہ وہ ایک میزائل تجربہ تھا جس سے اقوام متحدہ کی ان پابندیوں کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے جمعرات کو کہا کہ وہ گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران اپنے ملک کی فضائی حدود کے قریب شمالی کوریا کے جیٹ طیاروں کے حملوں کے متعدد واقعات کے بعد ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔