پاکستان : (جیو ڈیسک)ارسلان افتخار کی ملک ریاض کے خلاف مقدمے کی درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔ ڈاکٹر ارسلان کا کہنا ہے وہ گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں۔ ملک ریاض سے بھی تحقیقات کی جائیں۔ارسلان افتخار نے ملک ریاض کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست اپنے وکیل سرداراسحاق کے ذریعے دائرکی جس میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ انھیں دھمکیاں مل رہی ہیں،جان کو خطرہ ہے تحفظ فراہم کیا جائے۔ انھوں نے کہا ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ملک ریاض کے بیانات میں تضادات ہیں۔ عدالت ایف آئی آر کے اندراج کے لئے حکم جاری کرے۔
سپریم کورٹ میں پیش ہونے کیلئے ملک ریاض نے فوری وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک ریاض نے بتایا وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں، وطن واپس آکر سپریم کورٹ میں بیان ضرور ریکارڈ کرائیں گے۔ ارسلان کیس میں ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے بھی اپنے موکل کی وطن واپسی کی تصدیق کی ہے۔