جھنگ : (جیو ڈیسک)جھنگ میں آٹھ سال کی بچی سے زیادتی اور نازیبا ویڈیو کی تقسیم سے متعلق وزیراعظم نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلی پنجاب نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کردیا۔جھنگ کے نواحی علاقہ چنڈ بھروانہ میں تیسری جماعت کی طالبہ مہوش کو چار افراد نے اسکول سے گھر واپسی پر اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ وزیراعلی پنجاب متاثرہ بچی کی داد رسی کیلئے اس کے گاؤں پہنچ گئے۔ انہوں نے بچی کیلئے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ۔ ساتھ ہی ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کردیا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔ تحقیقات فرانزک طریقے سے ہوگی۔ متاثرہ بچی کے دادا کو گردوں کے علاج اور طبی سہولت کیلئے ضلعی حکومت نے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔