ایم کیو ایم : (جیو ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کے انتقال سے دنیا ایک اعلی پائے کے فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔ مہدی حسن کے انتقال پر انٹر نیشنل سیکریٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہد ی حسن کے انتقال سے مجھے ذاتی طو ر پر بہت دکھ اور دلی صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہدی حسن صرف غزل گائیک نہیں بلکہ ایسے فنکار تھے جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ مہدی حسن جسمانی طور پر اس دنیا سے چلے گئے لیکن ان کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت انہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔
الطاف حسین نے مہدی حسن کے تمام لواحقین اور پرستاروں سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مہدی حسن مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے درجات بلند کرے اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل عطا کرے۔