اسلام آباد : (جیو ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں پری مون سون سیزن کا آ غاز رواں ماہ کے آ خری ہفتے میں ہوگا۔ ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ آ ئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ تاہم راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، ڈی آئی خان، کوہاٹ ،سبی، ژوب، حیدرآباد، میرپورخاص ڈویژن ، کشمیر، گلگت بلتستان میں آندھی اور بارش کاامکان ہے۔
آئندہ دو روز کے دوران سندھ کی ساحلی پٹی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں آندھی کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش مٹھی میں اٹھائیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جیکب آباد میں درجہ حرارت چھیالیس سینٹی گریڈ رہا۔