اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیراعظم کی اہلیت اور اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج پھر ہو گی۔ عدالت نے بیرسٹر اعتزاز احسن کو اپنے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ درخواست گزاروں کے وکلا کا موقف ہے کہ توہین عدالت کیس میں سزا پانے کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نا اہل ہو چکے ہیں اس لئے اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی رولنگ کالعدم قرار دی جائے اور وزیراعظم کی اہلیت کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے۔ درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں جبکہ عدالت نے وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن کو آج اپنے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔