پنجاب : (جیو ڈیسک) بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری ہے, مظاہرین نے واپڈا دفاتر کا گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی۔فیصل آباد میں تھیکری والا کے مکینوں نے لوڈشیدنگ کے خلاف احتجاج کرکے جھنگ روڈ بلاک کردی۔ فیسکو کے دفتر میں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین نے ٹائر جلاؤ کر شیخو پورہ روڈ بھی بلاک کردی۔ فیروز والا میں شہریوں نے واپڈا آفس پر حملہ کرکے شیشے توڑ دیئے۔
مشتعل مظاہرین نے کوٹ عبدالمالک سب ڈویژن دفتر کو نذر آتش کردیا اور واپڈا ملامین پر تشدد کیا۔ پاکپتن میں مظاہرین نے ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کیا۔ وکیلوں نے ہڑتال کی اور ریلی نکالی۔ چکوال میں بجلی کے ماروں نے احتجاج کے دوران گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔
چیچہ وطنی میں تاجروں نے کاروبار بند کر کے رکن اسمبلی کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا۔ پولیس نے آٹھ مظاہرین کو دھر لیا۔ خوشاب ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گوجرہ ، اوکاڑہ ، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں بھی بجلی کے ستائے افراد سڑکوں پر نکلے اور ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کردی۔ اٹک میں مکمل ہڑتال رہی۔ مظاہرین نے کامرہ روڑ بلاک کر کے ریلی نکالی۔ کرک میں مظاہرین نے بنوں روڈ بلاک کردی۔