سپریم کورٹ : (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ نے اسپیکررولنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کو نااہل قرار دے دیا، وزیر اعظم سزا کے بعد نا اہل ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن فوری طور پر نا اہلی کا نوٹی فیکیشن جاری کرے۔سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اور عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل دئیے۔ حامد خان کا کہنا تھا اسپیکر ڈاک خانہ نہیں، اسپیکر کسی بھی معاملے میں اپنا مائنڈ اپلائی کرسکتی ہیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن اور اسپیکر کا کیا کردار ہے، کیا معاملہ واپس اسپیکر کو بھیجا جاسکتا ہے۔ حامد خان نے کہا معاملہ واپس نہیں بھیجا جاسکتا۔ سزا کے بعد نااہلیت کا اطلاق خود بخود ہوجاتا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اسپیکر کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا فیصلہ دینے کا اختیار نہیں۔ وزیراعظم کو فیصلے کے خلاف اپیل کرنی چاہیئے تھی۔ اٹارنی جنرل نے اسپیکر کی رولنگ کے حق میں قومی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد عدالت میں پیش کی۔ ان کا کہنا تھا اسپیکر کی رولنگ عدالت میں چیلنج نہیں کی جاسکتی۔ لیکن پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے فیصلے ختم کرسکتی ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت سے درخواست کی اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد اسپیکر رولنگ کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کی جائیں۔