ڈونیسک : (جیو ڈیسک) یورو کپ فٹ بال چیمپین شپ کے پہلے راؤنڈ کےآخری میچز میں انگلینڈ نے یوکرائن کو ایک صفر سے اور سویڈن نے فرانس کو دو ،صفر سے شکست دے دی۔
ڈونیسک میں انگلینڈ اور یوکرین کے درمیان گروپ ڈی میچ کا پہلا ہاف کسی گول کے بغیر برابر رہا۔ دوسرا ہاف شروع ہوا تو میچ کے اڑتالیسویں منٹ میں وین رونی نے گول کر کے انگلینڈ کو برتری دلا دی جو آخر تک برقرار رہی۔
ادھر کائیو کے اولمپک اسٹیڈیم میں گیند پر قبضہ تو فرانس کا رہا مگر کھیل کے چون ویں منٹ میں سویڈن کے ابرا ہیمووچ نے گول کو جال میں منتقل کر کے پہلا گول کر دیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں لارسن نے دوسرا گول کر کے سویڈن کو دو،صفر سے کامیابی یقینی بنا دی۔
جمعرات کو پہلا کوارٹر فائنل چیک ری پبلک اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جمعے کو دوسرے کوارٹر فائنل میں جرمنی اور یونان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔