واشنگٹن : (جیو ڈیسک) امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے کہا ہے کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا۔ واشنگٹن میں نیشنل پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے جنرل ڈیمپسی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات انتہائی پیچیدہ نوعیت کے ہیں۔
تاہم امریکا ان تعلقات میں بہتری لانے کا خواہشمند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سنگین داخلی بحرانوں کا سامنا ہے اور ناکام پاکستان دنیاکے لئے فائدہ مند نہیں ہوسکتا۔ جنرل ڈیمپسی نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور انہیں بہتر بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں پاکستانی سفیر شیری رحمان کے ساتھ ان کی ملاقات میں پاک امریکا متنازعہ امور پر بھی بات چیت ہوئی۔