نئی دہلی: (جیو ڈیسک) بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بھارتی معیشت کے احیاء کے لئے مثبت فضا قائم کرنے کی غرض سے سخت محنت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چند دِن قبل وزارت خزانہ کا قلم دان سنبھالنے والے بھارتی وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے اہلکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی معیشت کو ایک مرتبہ پھر احیا کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کی ترقی کی کہانی جہاں رکی تھی وہاں سے دوبارہ شروع ہو جائے ۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کے لئے مثبت فضاء کو واپس لایا جائے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لئے حیوانی جبلت کو جگایا جائے تاکہ سست روی کا شکار صنعت مسائل کا شکار مالیاتی اور حساب جاریہ کے خسارے اور بلند افراط زر کو کم اور اصلاحات کے ایجنڈے پر طاری جمود کو توڑا جا سکے۔
انہوں نے روپیہ کی قدر میں کمی پر اپنی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کے جذبات گہنا رہے ہیں اور مالیات کا بہا خشک ہو رہا ہے ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ مناسب وقت پر نئے وزیر خزانہ کا تقرر کیا جائے گا۔