اسلام آباد : (جیو ڈیسک)چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے انکشاف کیا ہے ملک میں روزانہ چھ سے آٹھ ارب روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ارسلان افتخارکیس کی تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم بنادی گئی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نیب فصیح بخاری نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، ملکی خزانے کے چھ سے آٹھ ارب روپے روزانہ کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایااوگرا میں پچپن ارب روپے کی بدعنوانی کا خدشہ ہے، اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر رینٹل پاور کرپشن کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان ریلویز میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ فصیح بخاری نے بتایا این ایل سی کیس میں آرمی چیف سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔ اس کیس میں حاضر سروس فوجی ملوث پائے گئے تو ان کا کورٹ مارشل کیا جائے گا۔
چیئرمین نیب نے بتایا شریف برداران کے خلاف ریفرنس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ الیکشن قریب ہیں محض شہرت کیلئے کوئی گیم کھیلا جائے گا نہ کوئی سیاسی کیس کھولا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ احتساب کے قومی ادارے کو سیاسی ہتھیار نہیں بننے دیا جائے گا۔