لاہور : (جیو ڈیسک) پاک فوج نے پنجاب حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کی آرمی میڈیکل کورپس کے ایک سو پچاس ڈاکٹر صوبائی حکومت کو فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث آرمی میڈیکل کور سے درخواست کی گئی کہ صوبائی انتظامیہ کی اعانت کے لئے ڈاکٹر فراہم کئے جائیں تاکہ گزشتہ چند روز سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث شدید مشکلات کا شکار مریضوں کا علاج کیا جاسکے۔
ترجمان کے مطابق مریضوں کی ابتر صورتحال اور حالات کے پیش نظر 150 ڈاکٹر ز ہسپتالوں میں بھجوادیئے گئے ہیں جو یونیفارم میں اپنی خدمات سر انجام دینگے۔ ترجمان کے مطابق آرمی کے ڈاکٹرز طبی مشاورت اور علاج معالجے کے امور انجام دیں گے تاہم ہسپتالوں کے انتظامی امور بدستور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔