کراچی : (جیو ڈیسک) کراچی میں بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب کریکر دھماکے سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا تاہم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایس ایس پی ریلوے ارشد کمال کیانی کے مطابق بن قاسم ٹاون میں ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی آنے والے ٹریک پر کریکر دھماکہ ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔
ایس ایس پی ریلوے کے مطابق کریکر دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کریکر دھماکے میں سو گرام دیسی ساخت کا دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جس سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا ۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے ایک پرچہ ملا ہے جس پر دھماکے کی ذمہ داری سندھ لیبریشن فرنٹ نام تنظیم نے قبول کی ہے۔تاہم ٹریک کو مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمدو رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔