عوا م کو انکی دہلیز پر انصاف مل رہا ہے’ ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن جاوید گجر
Posted on July 1, 2012 By Adeel Webmaster گجرات
گجرات (جی پی آئی )ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن جاوید گجر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سٹی سرکل کے تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز کی تعیناتی کا دورانیہ اس لیے کم ہوتا ہے کہ شہر کے علاقہ میں واردات یا وقوعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ہو جاتے ہیں جس کے باعث افسران بالا عوام کو مطمئن کرنے کیلئے ایس ایچ او کو معطل یا لائن حاضر کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈی پی او گجرات راجہ بشارت کے دور میں گجرات پولیس پر کوئی سیاسی پریشر نہیں ہے۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو میرٹ کی پالیسی اپنانے کا کہا گیا ہے۔ ڈی پی او گجرات راجہ بشارت نے پالیسی اپنائی ہے کہ عوام انصاف کیلئے دربدر نظر نہیں آنے چاہییں۔ سائلوں اور مدعیو ں کو ان کی دہلیز پر انصاف دیا جائے۔
ڈی پی او گجرات راجہ بشارت نے ہر خاص و عام کیلئے اپنے دفتر کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ رات دو بجے تک سائل ڈی پی او آفس جا کر اپنے مسائل حل کرواتے ہیں۔ سپاہی بھی ڈی پی او سے جا کر بلا جھجک ملاقات کر کے اپنے مسائل حل کرواتے ہیں۔ ڈی پی او آفس کے عملہ کو پٹرولنگ ‘ پیدل گشت ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن جاوید گجر نے مزید بتایا کہ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ میں سنگین جرائم کم ہیں۔ زیادہ تر جعلی چیکو کے مقدمات درج ہوتے ہیں یا بازاروں میں چوروں کی وارداتوں کی شکایت ہے تاہم ایسی وارداتو ں پر کافی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ بازاروں میں چوری ‘ ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے شاپس ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ہے۔ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ میں اب منشیات فروشی کا کوئی اڈہ نہیں۔ میرے تھانے میں ایسا کوئی پولیس ملازم نہیں جو جرائم پیشہ سے منتھلی لیتا ہو یا ان کی پشت پناہی کرتا ہو۔
ایس ایچ او بی ڈویژن جاوید گجر نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ میرے ساتھ کرائم کنٹرول کرنے میں تعاون کیا ہے۔ مجھے کسی تاجر نے کبھی بلیک میل نہیں کیا۔ تاجروں اور پولیس کا چولی دامن ا ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تھانہ بی ڈویژن سے کرپشن کا خاتمہ کیا ہے اور ہر شخص سے تھانہ میں عزت کے ساتھ پیش آیا جاتا ہے۔ تھانہ سے لفظ ” اوئے” تک ختم کردیا گیا ہے۔