اسلام آباد( جیو ڈیسک) صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ صدر زرداری پیر کی صبح غیر سرکاری دورہ برطانیہ کے بعد واپس اسلام آباد پہنچے جہاں رات کو وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے ان سے ملاقات کی۔
اس دوران وزیرا عظم نے صدر زرداری کو ان کی صاحبزادی بختاور کی گریجویشن مکمل ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔
ذارئع کے مطابق ملاقات کے دوران صدر زرداری نے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کو لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر افراد سے ہونے والی غیر رسمی ملاقاتوں کے بارے میں اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، نیٹو سپلائی کی بحالی، امریکی حکام سے جاری مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران وزیر اعظم نے صدر کو ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔