اسلام آباد: (جیو ڈیسک) امریکہ نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے حوالے سے پاکستان سے معذرت کرلی ہے۔ اس حوالے سے امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنی پاکستانی ہم منصب حناربانی کھر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سلالہ چیک پوسٹ پر نومبر میں ہونیوالے حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ ہیلری نے سلالہ چیک پوسٹ حملے میں جاں بحق ہونیوالوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی غلطی مانتا ہے جس کے باعث پاکستانی فوجی جاں بحق ہوئے۔ ہم پاکستان اور افغانستان کے ساتھ مل کرآئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے۔ ہیلری کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور باہمی مقاصدکے حصول کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ حنا ربانی کھر سے پاکستان ،امریکہ اور افغانستان کے استحکام کیلئے خطرے کا باعث بننے والے دہشتگردوں کیخلاف مربوط حکمت عملی اپنانے پر اور دوطرفہ حساس نوعیت کے تعلقات اور فرد سے فرد کے رابطوں کو بہتر خطوط پراستوارکرنے پربات ہوئی۔ ہیلری کا کہناتھا کہ پاکستان اور امریکہ مشترکہ دشمن کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ دونوں ممالک نے القاعدہ کو شکست دینے کیلئے تعاون کو فروغ دیا۔
ہیلری کلنٹن کاکہنا تھا کہ پاکستان رسد کھولنے جارہا ہے خطے اور افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کوئی ٹرانزٹ فی نہیں لے گا۔ تاہم امریکہ کوکہا گیا ہے کہ ٹرانزٹ کے تحت سپلائی میں ہتھیار نہیں لے جائے جا سکیں گے۔