پاکستان (جیو ڈیسک) قومی ائرلائن کے پندرہ طیارے بدستور گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے اندرون وبیرون ملک آپریشن بدنظمی کا شکار اور ادرے کو شدید مالی نقصان بھی اٹھانا پڑرہا ہے باکمال لوگ لاجواب سروس۔ قومی ایئر لائن کے طیارے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے قومی ائرلائن کو یومیہ پانچ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
طیاروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے دوسری پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ تین ماہ کے دوران قومی ائرلائن کی چار ہزار سے زائد پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئی ۔ قومی ائرلائن سے بوئنگ 747جمبو کے دو طیارے بوئنگ 737کے دو طیارے ائر بیس اے تھری ٹین کے چار طیارے اور اے ٹی آر کا ایک اور ایک بوئنگ 777طیارہ تین ماہ سے بدستور گراؤنڈ ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ائرلائن کے مجموعی خسارہ ایک سو اکیس ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے ۔ پی آئی اے انتظامیہ کا دعوی ہے کہ رواں سال کے مہینے ستمبر تک دو بوئنگ 777طیارے اور چار 737 طیارے فلیٹ میں شامل کرلئے جائینگے۔ اندرون و بیرون ملک پروازوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مختلف ممالک نے اپنا ٹائم شیڈول کنٹرول نہ کرنے پر جرمانے کی بھی دھمکی دے دی ہے۔