بٹگرام : (جیو ڈیسک) بٹگرام پولیس نے تحریک طالبان کے دو اہم دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کا کہنا ہے کہ سوات کا مولوی فضل اللہ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے۔
بٹ گرام پولیس نے گجبوڑی کے علاقے سے ان دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن میں اقبال عرف قاری باسط اور اعجاز الحق شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان سوات کے دہشت گرد مولوی فضل اللہ کے گروپ کے کارندے ہیں پولیس نے ان دہشت گردوں کو گجبوڑی میں واقع ایک مسجد کے کمپاونڈ میں اسلحہ اور گولہ بارود چھپانے کے لیے کھدائی کررہے تھے کہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر گرفتار کرلیا۔
گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ مولوی فضل اللہ افغان صوبہ کنٹر میں ہے جہاں سے دہشت گردوں کو پاکستان پر حملے کے احکامات دیتا ہے ۔ گرفتار دہشت گرد رکن قومی اسمبلی امیر مقام کے ضلع بٹگرام کے جلسے میں خود کش حملہ کرنے اور ضلع تورغر میں پولیس کے ریکروٹس ایک پولیس چوکی پر حملے میں بھی ملوث تھے۔