کراچی : (جیو ڈیسک) کراچی کے نوعمر شافع تھوبانی نے صرف 8 سال کی عمر میں دنیا کے سب سے چھو ٹے مائیکرو سافٹ سرٹیفائڈ ہولڈر کا اعزاز حاصل کرلیا۔
آسماں کی بلندیاں نگاہوں میں لئے ننھا منھا، نٹ کھٹ اور معصوم شافع تھوبانی نے صرف آٹھ سال کی عمر میں ما ئیکرو سافٹ سرٹیفیکیٹ حاصل کرکے آئی ٹی کی دنیا میں پاکستان کا نا م روشن کردیا ہے، شافع کا کہنا ہے کہ پہلے بہت مشکل تھا لیکن اب آسان لگتاہے اور میں بہت خو ش ہوں۔ شافع کے والد کا کہنا ہے کہ مرحومہ عارفہ کریم سے سب گھر والے متاثر تھے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی شافع کو مجبور نہیں کیا، بچے کو جس چیز کا شوق تھا اسے وہی کروایا۔ شافع نہ صرف کمپیوٹرز اور gadgets کا بھی شوقین ہے بلکہ اسے فٹ بال اور سوئمنگ بھی بہت پسند ہے۔ بچپن سے اسکے کھلونے کمپیوٹر، موبائل اور پلے اسٹیشن وغیرہ رہے ہیں۔ شافع کے ٹرینر کا کہنا ہے کہ شافع بہت شرارتی اور ذہین تو ہے ہی مگر اس کیساتھ محنتی بھی ہے۔
شافع کو اسکی عمر اور ذہن کے مطابق سمجھانے کے لئے آسان مثالیں رکشہ ، گاڑی اور کھیل کی چیزوں سے سمجھاتا ہوں تو آسانی سے سمجھ لیتا ہے۔ 8 سال کا چھوٹا سا یہ بچہ قوم کا ہیرو ہے جس کی محنت اور ذہانت نے پاکستا ن کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا ہے۔ اتنی کم عمر میں پاکستان کا نام روشن کر کے ثا بت کردیا ہے کہ ہم ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں۔
دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والا یہ ننھا سا شافع تھوبانی کہتا ہے کہ محنت ہے میرا جنوں۔اور دوسرے ساتھیوں کو بھی کہتا ہے کہ آو تم بھی بناؤ پاکستان۔