واشنگٹن : (جیو ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ شام کے حوالے سے ایران کا کردار تعمیری نہیں۔ امریکا شام میں استحکام قائم کرنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی نے واشنگٹن میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا شام میں جمہوریت دیکھنا چاہتا ہے اور ان ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے جو شام میں استحکام لانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
جے کارنی نے کہا کہ کون اس معاملے میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے اور کون نہیں، اس بارے میں امریکا کا موقف واضح ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ایران بشارالاسد حکومت کی حمایت کر رہا ہے، جو اپوزیشن کے خلاف قتل عام میں مصروف ہے۔